لاہور(بیورو چیف)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کے برادر ممالک نے امریکہ ، ایران کے درمیان معاہدہ کروایا ،امید ہے جلد کوئی حوصلہ افزاہ بریک تھرو ہوگااورامریکہ اور ایران کی قیادت معاہدے پر واپس آئے گی، ہمیں ڈالر کھپانے والی معیشت کے بجائے کمانے والی معیشت بننا ہے ورنہ آئی ایم ایف کے چنگل سے نہیں نکل سکیں گے، ملکی ترقی کا انحصار پائیدار توانائی ،جدت و صنعتی توسیع پر ہے، درآمدی انحصار سے نکل کر برآمدات پر مبنی معیشت تشکیل دینا ہوگی،ای ویز کا انقلاب برپا ہو چکا۔ ،الیکٹرک وہیکلز کا فروغ ایندھن کی درآمدی لاگت میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جدید ٹیکنالوجی ،الیکٹرک وہیکلز اور گرین انرجی کی جانب تیزی سے بڑھنا ہو گا،نجی شعبہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،ہمیں ڈالر زکمانے والی معیشت کی طرف آنا ہے،بھارت معرکہ حق میں شکست کے بعد غیر روایتی جنگ کر رہا ہے،ہمیں فتنہ الہندوستان کی جانب سے شروع کی گئی دہشتگردی کی لہر کا سامنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایکسپو سنٹر میں جدید الیکٹرک وہیکلز ،توانائی پاکستان نمائش کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی خود مختاری اور پائیدار ترقی کا انحصار برآمدات میں خاطر خواہ اضافے پر ہے، ملک کو تیزی سے درآمدات پر مبنی معیشت سے برآمدات پر مبنی معیشت کی طرف منتقل ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہم تیزی کے ساتھ اپنے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ای وی کو متعارف کرائیں اور ٹو ویلرز، تھری ویلرز اور فور ویلرز کو مرحلہ وار برقی توانائی پر منتقل کیا جائے۔




