المناک ٹریفک حادثہ،ایک خاندان کے3افراد جاں بحق’3زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) خانوآنہ بائی پاس چوک کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 3افراد جاں بحق’ تین بری طرح زخمی ہو گئے، بدقسمت گھرانہ اپنے عزیز کی قل خوانی میں شرکت کیلئے میاں چنوں سے فیصل آباد 228 رب بوہگنی آ رہا تھا، ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ میاں چنوں کے رہائشی 50سالہ منظور حسین ولد شہادت حسین اپنے دیگر عزیزوں 47سالہ شہناز بی بی زوجہ نور محمد’ 25سالہ مصطفی ولد محمد اشرف’ 35سالہ صغریٰ بی بی زوجہ محمد اکرم’ 35 سالہ سکینہ بی بی زوجہ علی اور 4سالہ عدنان ولد آصف کے ہمراہ موٹرسائیکل رکشہ پر سوار ہو کر اپنے عزیز کی ختم قل شریف میں شرکت کیلئے فیصل آباد 228 رب بوہگنی مکوآنہ آ رہے تھے کہ جب وہ خانوآنہ بائی پاس چوک کے قریب پہنچے تو تیز رفتار منی مزدا ٹرک نے رکشہ کو ٹکر مار دی۔ رکشہ سوار ایک ہی خاندان کے 6افراد بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچی تو 50سالہ منظور حسین’ 47سالہ شہناز بی بی اور 4سالہ عدنان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔ تاہم زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں