لاہور (بیوروچیف) اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں اوردھمکیاں دینے کے مقدمے میں این سی سی آئی اے نے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کو تفتیش میں قصور وار قرار دیدیا ہے۔ لاہورکی سیشن کورٹ میں اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ اورانکی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت پرسماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کی، مومنہ اقبال کی جانب سے عدنان احسان ایڈووکیٹ جبکہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے رانا معروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کوبتایا کہ ثاقب چدھڑ کی حد تک تفتیش مکمل ہوچکی ہے وہ تفتیش میں قصوروارقرار پائے،ثاقب چدھڑ کی اہلیہ سمیرا نے دو روز قبل اپنا موبائل فون این سی سی آئی اے میں جمع کروایا، جسے فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان نے ملزمان کی ضمانت خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کی آزادی ان کے لیے خطرے کا باعث ہے۔عدالت نے وکلا کو آئندہ سماعت پرحتمی دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کردی۔این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔




