اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی، رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم کو یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یوتھ پروگرام کے منصوبوں کے تحت روزگار کے مواقعوں کے لئے موثر اور جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کیا جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے بہترین تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت کا انتظام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار، کاروبار، تعلیم اور ہنر کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہنر مند افرادی قوت ملک کی معیشت، صنعت اور معاشرتی تنوع میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، تعلیم یافتہ، ہنر مند نوجوان ہماری قوم کے تابندہ مستقبل کے ضامن ہیں۔




