خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 2کمسن بھائی جاں بحق،تیسرا بھائی اور ماں باپ زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جھنگ روڈ پر 219 رب تلیانوالہ میں مکان کی خستہ حال چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر دو کم سن بھائی جاں بحق’ ماں باپ بیٹے سمیت بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے بروقت موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 219 رب تلیانوالہ کے رہائشی محنت کش محمد ادریس اپنے اہل خانہ 45 سالہ اہلیہ رضوانہ بی بی’ 6 ماہ کے بیٹے رضوان’ 5سالہ محمد سبحان’ 6 سالہ محمد احمد کے ہمراہ کمرہ میں سو رہا تھا کہ گزشتہ روز ہونے والی بارش کے دوران بانس اور گارڈر سے بنی چھت پر بارشی پانی جمع ہو گیا تو مذکورہ خستہ حال چھت بارشی پانی جمع ہونے پر زیادہ وزن کے باعث زمین بوس ہو گئی تو والدین بچوں سمیت ملبے میں دب گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر اہل علاقہ کی مدد سے انہیں باہر نکالا تو 6ماہ کا رضوان اور 5 سالہ محمد سبحان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے جبکہ ادریس’ اسکی اہلیہ رضوانہ اور بیٹے احمد کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا۔ شہریوں کو چاہیے کہ مون سون کے دوران اپنی گھروں کی چھتوں کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ بارشی پانی چھتوں پر جمع نہ ہو اور کسی بھی ناخوشگوار حادثہ سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں