وارڈنز کو چالان کرنے کا کوئی ٹارگٹ نہیں دیا،سی ٹی او

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا نے سوشل میڈیا پر زیر گردش ان خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک وارڈنز کو چالان کرنے کا کوئی ٹارگٹ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ٹریفک وارڈنز کو صرف یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جائے، قوانین پر موثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو محفوظ سفری ماحول فراہم کیا جائے۔ ناصر جاوید رانا کے مطابق سوشل میڈیا سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر چالان کے ٹارگٹ سے متعلق زیر گردش دعوے درست نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا، ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنا اور حادثات کی روک تھام ہے، نہ کہ کسی مخصوص تعداد میں چالان کرنا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے کے بجائے ٹریفک پولیس کے سرکاری موقف کو مدنظر رکھیں اور ٹریفک قوانین پر عمل کر کے محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں