کراچی (بیوروچیف) پاک بحریہ کا کامیاب آپریشن،شمالی بحیرہ عرب میں پھنسے ماہی گیروں کو بچا لیا ۔پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمور نے شمالی بحیرہ عرب میں پھنسی ماہی گیرکشتی کو بچانے کیلئے کامیاب ریسکیو آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران سمندر میں پھنسے19ماہی گیروں کوبھی بحفاظت ریسکیو کیا۔ماہی گیرکشتی گوادرسے تقریباً 120 ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کے باعث پھنس گئی تھی،کشتی پرسوارعملے کے تمام 19افراد جن میں11 پاکستانی اور8 ایرانی شہری شامل تھے کو بحفاظت بچا لیا گیا۔جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹرنے سرچ اینڈریسکیوآپریشن کیلئے پاک بحریہ سے رابطہ کیا تھا،پاک بحریہ کے جوانوں نے کشتی کے عملے کو سمندر میں خوراک، پینے کا پانی اورطبی امداد فراہم کی۔سمندر میں انجن کی خرابی کے باعث پھنسی ہوئی کشتی کو پاک بحریہ نے بحفاظت ساحل تک منتقل کیا، کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے عزم اور ہمہ وقت تیاری کا مظہر ہے۔




