آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ،میدان سج گیا

مظفرآباد(نامہ نگار) آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے میں انتخابی دنگل سج گیا’21میں سے20حلقوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ ایک حلقہ ایل اے 27مظفر آباد ون میں پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے، الیکشن کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق پولنگ کے عمل کا آغاز صبح 8 بجے ہوگیا ہے جو کہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹ کاسٹ کئے جا رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، مظفرآباد ڈویژن میں 208 اور مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار مد مقابل ہیں۔حکام کے مطابق مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے، ووٹنگ کے عمل کیلئے 1483 پولنگ سٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، 3 انتخابی حلقوں ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کیلئے 8 سکیورٹی اہلکار، حساس کیلئے 6 اور نارمل پولنگ سٹیشنز کیلئے 4 اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 جماعتیں اور ان کے علاوہ آزاد امیدوار بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ضلع مظفرآباد کی 5 نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز، ضلع نیلم کی 2 نشستوں کیلئے ایک لاکھ 51 ہزار 911 ووٹرز، جبکہ جہلم ویلی کی 2 نشستوں پر ایک لاکھ 77 ہزار 500 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفی مغل نے ووٹرز سے حق رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اپنا قومی فرض ادا کرے، اپنے ووٹ کی طاقت سے بہتر مستقبل اور اہل قیادت کا انتخاب کریں، پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں انتخابات ہوں گے، اس سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ایل اے 27 مظفر آباد ون میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی، بارش اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث پولنگ کا عملہ نہ پہنچ سکا، ایل اے 31 کے متعدد پولنگ سٹیشنز پر بھی انتخابی عملہ تاحال نہ پہنچ پایا ہے۔پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن آف آزاد جموں و کشمیر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے حلقہ ایل اے-28 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سید بازل نقوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو باضابطہ تحریری شکایت ارسال کرتے ہوئے 71 پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ مقررہ وقت تک نہ پہنچنے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے کے باعث مقررہ وقت پر پولنگ کا آغاز نہیں ہو سکا، جس کے نتیجے میں صبح سے انتظار کرنے والے ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور بڑی تعداد میں شہری اپنے حق رائے دہی سے محروم ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام متاثرہ 71 پولنگ سٹیشنز پر فوری طور پر انتخابی عملہ تعینات کیا جائے، پولنگ کے ضائع ہونے والے وقت کے ازالے کیلئے پولنگ کے اوقات میں مناسب توسیع کی جائے تاکہ کوئی ووٹر اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہے، جبکہ تمام متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے۔مزید کہا گیا کہ پولنگ شروع ہونے کے اصل وقت کو دستاویزی شکل دی جائے اور اس سنگین انتظامی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ملک بھر میں کشمیری مہاجریں کی 12 نشستوں پر بھی پولنگ جاری ہے۔گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، پسرور، نارووال، قصور، علی پور چٹھہ، منڈی بہا الدین، فیروزوالا میں بھی ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، ملتان، بہاولنگر اور لاڑکانہ میں بھی انتخابی میدان سج گیا ہے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر فیصل آباد میں بھی ایل اے34 جموں ون اور ایل اے42 وادی کشمیر کے لیے7پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، 157 ووٹرز اپنا حق رائے استعمال کرینگے، جن میں 63مرد اور 93 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہیگا۔ پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں