سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، منیجنگ ڈائریکر واسا،ایکسین ھائی وے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر جاری سٹی بیوٹیفکیشن منصوبوں، سڑکوں کی بہتری، صفائی ستھرائی، نکاسی آب کے نظام اور دیگر شہری سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے شہر کے مختلف مقامات سلانوالی ڈسپوزل اسٹیشن،عیدگاہ ڈسپوزل، سٹی روڈ بیوٹیفکیشن، شاہین چوک پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے، تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل استعداد سے فعال رکھے جائیں اور کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو شہر میں صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور سڑکوں کے اطراف خوبصورتی کے اقدامات مزید موثر بنانے کی ہدایت کی، جبکہ ایکسین ہائی وے کو جاری تعمیراتی و مرمتی کام بروقت مکمل کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی تاکید کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سرگودھا کو صاف، خوبصورت اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ شہر بنایا جا رہا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں تاکہ عوام کو بہترین شہری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔




