فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژن بھر میں پائیدار بنیادوں پر صفائی ستھرائی کا اعلی ترین معیار قائم کیا جائے گا جس کے لئے بہترین حکمت عملی کے تحت تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اس ضمن میں شہروں کے ساتھ دیہی علاقوں پر بھی یکساں توجہ مرکوز ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرکے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب کے حقیقی فوائد پہنچائے جا سکیں۔ یہ بات کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے دفتر کا دورہ کرکے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ/ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ،ڈسٹرکٹ منیجر ستھرا پنجاب اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔کمشنر نے تحصیل سٹی اور صدر کے شہری و دیہی علاقوں کی زوننگ کے حوالے سے بریفنگ لی اور کہا کہ تقریبا 60 لاکھ آبادی پر مشتمل دو بڑی تحصیلوں میں صفائی کے ایسے جامع میکنزم پر عملدرآمد کرایا جائے کہ شہریوں کو صفائی کے نظام میں واضح فرق نظر آئے اور شکایات کا فی الفور ازالہ ممکن ہو۔انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے افسران سے کہا کہ فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کریں اورمختلف سٹیک ہولڈرز سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ تجاویز کے ساتھ سامنے آنے والے مسائل کو بھی حل کرنے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل سٹی وصدر کے علاقوں کی زوننگ سے زمینی حقائق کے مطابق اہداف کی تکمیل یقینی اور عام شہری کو ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آبادکو صفائی کے لحاظ سے مثالی ڈویژن بنانا ترجیح ہے جس کے لئے جاری کوششوں کو مزید تندہی سے بہترین بنانا ہے۔۔




