فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہر میں 126 ملی میٹر تک ہونے والی بارش کے پانی کی نکاسی آب کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا سمیت تمام افسران و سٹاف فیلڈ میں مصروف عمل رہا۔ بارش کی پیشگوئی کو مدنظررکھتے ہوئے تمام فیلڈ سٹاف اپنے مقرر کردہ ڈیوٹی پوائنٹس پر حاضر رہا جبکہ مشینری بھی آپریشنل کر دی گئی جس کے نتیجے میں 4گھنٹے تک جاری رہنے ہلکی تیز بارش کے پانی کو مختصر ترین وقت میں کلیئر کردیا گیا۔ تمام روڈ اور مرکزی چوراہوں پر ٹریفک اپنے معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔ فیصل آباد میں سب سے زیادہ بارش غلام محمد آباد میں 126 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ جیل روڈ پر123ملی میٹر ، گلستان کالونی میں 119 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، اسی طرح ڈوگر بستی میں 80 اور علامہ اقبال کالونی میں 112 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے شہر کے مختلف علاقوں میں ہنگامے دورے کئے اور فیلڈ میں جا کر تیز رفتار نکاسی آب کے اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری اور بہترین سہولیات مہیا کررہے ہیں جس کے لئے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز فل کیپسٹی پر چلائے جا رہے ہیں۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے مزید کہا کہ مختلف مین روڈز اور چوراہوں کو بارشی پانی سے کلیئر کر دیا گیا۔ شیخوپورہ روڈ ، عبداللہ پور پل ، غازی آباد روڈ ، ڈائیو روڈ سے نکاسی آب مکمل کر لی گئی ہے اسی طرح جیل روڈ ، سرگودھا روڈ ، ستیانہ روڈ سمیت دیگر روڈ بھی بارشی پانی سے کلیئر گیا گیا ہے ۔ تمام فیلڈ افسران اور سٹاف نکاسی آب کیلئے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لئے ہمہ تن کوشاں ہیں۔




