غلط ای چالان گھر بیٹھے منسوخ کرنے کا طریقہ

لاہور (بیوروچیف) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے غلط ای چالان کے شکار شہریوں کے لیے بڑی سہولت متعارف کرا دی۔ اب شہری گھر بیٹھے آن لائن اپنے ای چالان کا ریویو کرا سکیں گے اور اگر جمع کرائے گئے ثبوتوں کی بنیاد پر چالان غلط ثابت ہوا تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کر دیا جائے گا۔پنجاب پولیس کے آفیشل ایکس اکانٹ پر جاری کیے گئے پیغام کے مطابق اگر کسی شہری کو غلط ای چالان موصول ہوتا ہے تو وہ پنجاب سیف سٹیز کی ویب سائٹ پر لاگ اِن کر کے ریویو سیکشن میں جا سکتا ہے جہاں متعلقہ ثبوت اپ لوڈ کرنے کے بعد درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔پیغام میں بتایا گیا ہے کہ اگر ریویو کے دوران چالان غلط ثابت ہو جائے تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کر دیا جائے گا۔پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے صرف حقیقی شکایات کی صورت میں ہی اس سہولت سے استفادہ کریں تاکہ نظام کی شفافیت اور موثر کارکردگی برقرار رکھی جا سکے۔اس اعلان پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا۔ کئی افراد نے آن لائن ریویو کی سہولت کو سراہا جبکہ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ غلط ای چالان جاری کرنے والے اہلکاروں سے بھی بازپرس ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں