سیمنٹ کی برآمدات میں30فیصد کمی ہوگئی

کراچی(بیوروچیف)پاکستان میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں نمایاں اضافہ جبکہ برآمدات میں تقریباً 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے مطابق جولائی 2026 کے دوران مجموعی سیمنٹ فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.02 فیصد بڑھ گئی۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں ملک بھر میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 44 لاکھ 76 ہزار ٹن رہی، جبکہ جولائی 2025 میں یہ 42 لاکھ 22 ہزار ٹن تھی۔رپورٹ کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی طلب میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ جولائی 2026 کے دوران مقامی فروخت 37 لاکھ 71 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 32 لاکھ 15 ہزار ٹن تھی۔ اس طرح مقامی فروخت میں 17.28 فیصد اضافہ ہوا۔اس کے برعکس بیرون ملک سیمنٹ کی ترسیل میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ جولائی 2025 میں 10 لاکھ 7 ہزار ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا تھا، جو جولائی 2026 میں کم ہو کر 7 لاکھ 5 ہزار 341 ٹن رہ گیا، یعنی برآمدات میں 29.95 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ اگر حکومت سیمنٹ پر عائد ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں میں کمی کرے تو مقامی طلب میں مزید اضافہ ممکن ہے، جس سے نہ صرف تعمیراتی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ ملکی معیشت اور روزگار کے مواقع پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ماہرین کے مطابق مقامی تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی کے باعث اندرون ملک سیمنٹ کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے، تاہم برآمدی منڈیوں میں طلب میں کمی اور علاقائی مسابقت نے برآمدات کو متاثر کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں