حکومت کا بندر گاہوں کیلئے مراعاتی پیکج کا اعلان

کراچی (بیوروچیف) وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی کی بندرگاہوں کے لیے تاریخی ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ حب بنانے کیلئے جامع پالیسی متعارف کرا دی۔وفاقی وزیرِ بحری امور نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق بحری شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد بندرگاہی تجارت کو فروغ دینا اور پاکستان کو خطے میں ایک اہم سمندری تجارتی مرکز بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹرانس شپمنٹ کارگو کی ہینڈلنگ لاگت میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹرانس شپمنٹ جہازوں کو پورٹ ہیڈلنگ چارجز میں 80 فیصد تک رعایت دی جائے گی، زیادہ ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو اضافی مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔جنید انوار چوہدری کے مطابق کراچی پورٹ پر وہارفیج چارجز میں 20 سے 80 فیصد تک رعایت دی جائے گی، جبکہ کراچی پورٹ پر 14 روز اور ٹی پی ایکس ایریا میں 30 روز تک مفت اسٹوریج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم پر ٹرانس شپمنٹ کارگو کے لیے وہارفیج میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ پورٹ قاسم کے ٹرمینلز پر 7 روز مفت اسٹوریج ہوگا جسے 21 روز تک بڑھایا جا سکے گا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ کنٹینر ٹرمینلز نے بھی ٹرمینل ہینڈلنگ چارجز میں 25 فیصد تک کمی کر دی ہے جبکہ تمام پرانے ٹرانس شپمنٹ ایس آر اوز اور نوٹیفکیشنز ختم کر دیے گئے ہیں۔چیئرمین کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی قیادت میں بندرگاہی تجارت کے فروغ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے وزیرِ بحری امور نے کہا کہ نئی مراعات سے جہازوں کے ٹرن ارائونڈ ٹائم میں تاریخی کمی آئے گی اور عالمی شپنگ کمپنیوں کے لیے پاکستانی بندرگاہیں مزید پرکشش بنیں گی۔چیئرمین کے پی ٹی نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت زیادہ ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو زیادہ مراعات دی جائیں گی، جس سے پاکستان کی بحری تجارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں