فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سکیورٹی گارڈ دو حقیقی بھائیوں کے اندھے قتل ٹریس’ ایس ایچ او کھرڑیانوالہ نے حقیقی بھائیوں کے قاتل ڈاکوئوں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق مچھی خیل ضلع کرم کے رہائشی اکرام اﷲ نے بتایا کہ اس کے دو بھائی بسم اﷲ خان’ اجمل خان کھرڑیانوالہ کے علاقہ103 رب میں واقع ایس ٹیکس ویونگ فیکٹری میں بطور سکیورٹی گارڈ ڈیوٹی کرتے تھے، 2جولائی 2026ء کو مذکورہ فیکٹری میں ڈیوٹی کر رہے تھے کہ علی الصبح چار مسلح ملزمان فیکٹری میں واردات کی نیت سے داخل ہوئے تو سکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کی تو مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے دونوں حقیقی بھائیوں کو بری طرح زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے، بعدازاں مضروبان کو سنبھالا تو بسم اﷲ خان موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اجمل خان نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ جس پر کھرڑیانوالہ پولیس نے قتل’ اقدام قتل اور ڈکیتی سمیت مختلف دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ایس ایچ او تھانہ کھرڑیانوالہ عاطف شہزاد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مشکوک ملزمان سرفراز’ شاہد’ غلام رسول اور بلال کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو انہوں نے دوران واردات دو حقیقی بھائیوں کے قتل کا اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تانبا چوری کرنے کی نیت سے فیکٹری میں داخل ہوئے تو سکیورٹی گارڈز نے انکو روکا اور مزاحمت شروع کر دی جس پر انہوں نے فائرنگ کر کے دونوں حقیقی بھائیوں کو قتل کر کے فرار ہو گئے تھے۔ سی پی او تنویر حسین نے حقیقی بھائیوں کے قتل ٹریس کرنے پر ایس ایچ او کھرڑیانوالہ اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔




