فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قید کو 3سال مکمل ہونے پر فیصل آباد کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور تنظیمی عہدیداران کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالتے ہوئے حکومت مخالف نعرے بازوں،ٹریفک بلاک کرنے کے الزام میں کوتوالی پولیس نے 18نامزد اور15نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ کوتوالی کے اے ایس آئی شمشیر علی نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز 5اگست کو عمران خان کیقید کو 3سال مکمل ہونے پر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی چنگیز احمد خان کاکڑ، ڈاکٹر نثار احمد جٹ، رانا آفتاب احمد اور دیگر تنظیمی عہدیداروں رانا نعمان، ملک شہزاد اعوان، زاہد غنی چیمہ، حاجی لیاقت علی اظہر ،شہزاد گجر، رانا عاطف، عاطف یعقوب، عاقب کاہلوں ، ملک ذیشان، علی جاوید منج، شہیر دائود بٹ ، اقصیٰ حیات لالی، صائم خان، قرة العین، نرگس نوید اور دیگر نے ضلع کچہری مین روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دی اور حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے ٹریفک بلاک ہونے سے دور دورتک گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں ، جس کی وجہ سے نقص امن کا خطرہ پیداہوا، جس پر کوتوالی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔




