بھینس کا170کلو بدبودار گوشت برآمد،ملزم گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ لائیوسٹاک ضلع چنیوٹ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جھمرہ روڈ، چنیوٹ پر مشترکہ کارروائی کے دوران ایک سرخ رنگ کے لوڈر رکشے سے تقریبا 170 کلو گرام بدبودار، غیر معیاری اور بغیر سرکاری مہر (Unstamped) بھینس کا گوشت برآمد کر لیا۔ویٹرنری آفیسر ضلع چنیوٹ ڈاکٹر سعدیہ منیر نے متعلقہ عملے کے ہمراہ گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسے انسانی صحت کے لئے مضر،غیر معیاری اور ناقابلِ استعمال قرار دیا۔ قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد برآمد شدہ گوشت کو موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ ملزم کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پنجاب اینیملز سلاٹر کنٹرول ایکٹس کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور حوالہ پولیس کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک چنیوٹ کا کہنا تھا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش گوشت کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ غیر معیاری، مضرِ صحت اور بغیر سرکاری مہر والے گوشت کی نقل و حمل اور خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی پوری سختی سے جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں