فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یاد گار اسلاف شیخ الحدیث نامور عالم دین علامہ پیر سید حسین الدین شاہ کاظمی ضیائی قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے’ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آپکے شاگردان، مریدین، متوسلین، عقیدتمندان، وابستگاں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔آپ پیر آف گولڑہ شریف حضرت پیر سید غلام محی الدین گیلانی گولڑوی رحمتہ اللہ علیہ المعروف (بابوجی) کے دست حق پرست پر بیعت تھے۔ آپکے وصال سے عالم اسلام ایک قدآور علمی ،روحانی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔ آپ تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کے سرپرست اعلیٰ تھے۔ پاکستان فلاح پارٹی کے چیئرمین محمد رمضان مغل ایڈووکیٹ، سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری ، سید راشد علی گردیزی سیکرٹری جنرل، شیخ محمد علی، چوہدری ضمیر گجر صدرپنجاب شمالی، میاں راشد حفیظ، محمد رفیق لودھی ودیگر ذمہ داران نے اپنے مشترکہ بیان میں آپکے پسماندگان، لواحقین، مریدین، تلامذہ، عقیدت مندان، وابستگاں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رحلت اہلِ سنت کے علمی و روحانی حلقوں کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔ آپ نے پوری زندگی قرآن و سنت، مسلکِ اہلِ سنت، عشقِ رسول ۖ اور مسلکِ اہلسنت کی خدمت میں گزاری۔ اللہ تعالیٰ آپ کی تمام دینی، علمی اور روحانی خدمات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔انکی نماز جنازہ 8اگست بروز ہفتہ شام 5بجے سلطان پور شریف تحصیل حسن ابدال ضلع اٹک میں ادا کی جائیگی۔ مصلح امت پیر سید حسین الدین شاہ کاظمی ضیائی کی وفات سے پیدا ھونیوالا خلا صدیوں تک پورا نہ ہوسکے گا۔




