فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کیلئے آج پھر 8مبینہ پولیس مقابلوں میں ریکارڈیافتہ 19ڈاکو ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پکڑے گئے۔ پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد فراہم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد ساجد محمود نے بتایا کہ حدود کیس میں ملوث ملزم علی حمزہ ولد غلام مرتضیٰ سکنہ 51 ج ب کو جسمانی ریمانڈ پر نشاندہی کیلئے لے جا رہی تھی کہ جب وہ 48 ج ب سجاداں کے قریب پہنچے تو دو موٹرسائیکلوں پر 4مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے ملزم حمزہ کو چھڑا کر فرار ہو گئے، تاہم پولیس نے ملزم کے چھڑانے کی اطلاع ملتے ہی تعاقب جاری رکھا، ملزمان اور پولیس کی کراس فائرنگ کا سلسلہ رُکا تو پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو ملزم علی حمزہ زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، زخمی علی حمزہ چھوٹے بچوں اور بچیوں کے ساتھ ریپ اور ویڈیو بنانے میں ملوث تھا۔ ایس ایچ او لنڈیانوالہ سب انسپکٹر عدیل مصطفی نے نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 459 گ ب سیم پل کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام گلفام بتایا جو کہ ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملت ٹائون کے ایس ایچ او علی اکبر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منیانوالہ روڈ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزمان زخمی حالت میں پڑے تھے، جنہوں نے اپنے نام عرفان ولد رمضان سکنہ 202 رب بھائی والا اور لیاقت علی ولد محمد صدیق سکنہ 96 ج ب گوجرہ زخمی حالت میں پڑے تھے جو کہ ریکارڈیافتہ اور متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ملت ٹائون کے علاقہ میں دوسرا مقابلہ میں ریکارڈیافتہ ڈاکو عاطف ولد شفیق بھی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ منصورآباد کے ایس ایچ او توقیر اختر گجر کے ساتھ مقابلہ میں ریکارڈیافتہ ڈاکو فیصل قمر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں مبینہ مقابلہ کے دوران ریکارڈیافتہ ڈاکو اﷲ دتہ ولد رمضان سکنہ 119 ج ب اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر بری طرح زخمی ہو کر پکڑا گیا۔ کھرڑیانوالہ کے علاقہ میں مقابلہ میں متعدد وارداتوں میں مطلوب ریکارڈیافتہ ڈاکو سفیان ولد اﷲ رکھا سکنہ 62 ج ب اور تھانہ بلوچنی کے علاقہ میں ہونے والے مبینہ مقابلہ کے دوران غلام محی الدین اور ابرار اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر بری طرح زخمی ہو گئے، پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو حراست میں لیکر طبی امداد کیلئے ہسپتالوں میں منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔




