بجلی چوری کا بڑا اسکینڈل بے نقاب،تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر کمپوزٹ سرکل فیصل آباد طارق محمود کی زیرنگرانی ایس ایچ او سب انسپکٹر اجمل حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کر بجلی کے میٹر کے سافٹ ویئر میں غیر قانونی ردوبدل کے ذریعے بجلی چوری میں ملوث اسسٹنٹ لائن مین ذیشان اور میٹر ریڈر وحید کو گرفتار کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ذیشان عالم (اسسٹنٹ لائن مین – ALM/GSC)اور وحید (میٹر ریڈر MR)نے عدنان (الیکٹریشن) اور ایک سافٹ ویئر ماہر کے ساتھ ملی بھگت کر کے مقدمہ میں ملزمان نے لوم فیکٹری کے بجلی میٹر کے سافٹ ویئر کو غیر قانونی طور پر ری پروگرام کیا، جس کے ذریعے بجلی کی اصل کھپت کو کم ظاہر کیا گیا اور فیسکو کو لاکھوں روپے کا مالی نقصان پہنچایا گیا۔ تحقیقات کے دوران مزید معلوم ہوا کہ ملزم ذیشان عالم نے میٹر سافٹ ویئر میں ردوبدل کی سہولت فراہم کرنے کے عوض 20لاکھ روپے بطور غیر قانونی معاوضہ بینک ٹرانسفرز اور نقد رقم کی صورت میں وصول کیے، دستیاب شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو مقدمہ میں نامزد کرتے ہوئے دفعہ 109، 161 تعزیراتِ پاکستان (PPC) اور دفعہ 5(2)انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947(Prevention of Corruption Act)کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ایس ایچ او/سب انسپکٹر اجمل حسین اور ان کی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کر لیاملزم عدنان کی گرفتاری کے دوران سرکٹ میکر (CircuitMaker) سافٹ ویئر پر مشتمل ایک لیپ ٹاپ بھی برآمد کیا گیا، جسے فرانزک تجزیہ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے تاکہ بجلی کے میٹر کے سافٹ ویئر میں مبینہ غیر قانونی تبدیلی میں اس کے کردار کا تعین کیا جا سکے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس جرم میں ملوث دیگر سہولت کاروں کی نشاندہی، جرم سے حاصل ہونے والی رقوم کا سراغ اور قومی خزانے کو پہنچنے والے مجموعی مالی نقصان کا مکمل تعین کیا جا سکے، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA)بجلی چوری، بدعنوانی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کیے جانے والے مالی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں