فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے سیاسی کوآرڈینیٹر چوہدری میمون حسین نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصو بے کسی بھی حکومت کی ذمہ داری ہیں ، مگر حقیقی ترقی وہی ہوتی ہے جو انفراسٹر کچر کیساتھ ساتھ ماحول، قدرتی وسائل اور آنیوالی نسلوں کے مستقبل کا بھی تحفظ کرے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں کی توسیع، فلائی اوورز، انڈر پاسز اور دیگر منصوبوں کے دوران متعدد مقامات پر برسوں پرانے درخت اور گرین بیلٹس ختم کیے گئے، لیکن آج تک عوام کے سامنے یہ تفصیلات نہیں رکھی گئیں کہ کتنے درخت کاٹے گئے، ان کے متبادل کتنے درخت لگائے گئے، اور ان میں سے کتنے آج بھی محفوظ اور زندہ ہیں۔چوہدری میمون حسین نے کہا کہ پنجاب میں جنگلات کا رقبہ تقریبا 3.1 فیصد ہے، جو ماحولیاتی توازن کے لیے ناکافی سمجھا جاتا ہے۔ ایسے حالات میں ہر ترقیاتی منصوبے کے ساتھ شفاف ماحولیاتی اثرات کی رپورٹ، درختوں کے تحفظ کا منصوبہ، اور متبادل شجرکاری کی موثر نگرانی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف “سرسبز پنجاب” کے نعرے کافی نہیں، بلکہ عوام کو عملی نتائج بھی نظر آنے چاہییں۔ اگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے درخت کاٹے گئے ہیں تو حکومت عوام کو واضح طور پر بتائے کہ کتنے درخت متاثر ہوئے، کتنے نئے لگائے گئے، اور ان کی بقا کی شرح کیا ہے۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب، محکمہ جنگلات، محکمہ ماحولیات اور پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حوالے سے مکمل اور شفاف رپورٹ جاری کریں تاکہ عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جا سکے اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں میں ماحول کے تحفظ کو بنیادی ترجیح بنایا جائے۔آخر میں چوہدری میمون حسین نے کہا کہ درخت صرف لکڑی نہیں بلکہ صاف ہوا، بہتر صحت، موسمیاتی تبدیلیوں سے تحفظ اور آنے والی نسلوں کی زندگی کی ضمانت ہیں۔ ایک حقیقی سرسبز پنجاب صرف اعلانات سے نہیں بلکہ مثر پالیسی، شفافیت اور عملی اقدامات سے ہی ممکن ہے۔




