ملتان (نامہ نگار) ملتان کے ایک گھر سے نوجوان لڑکے اور لڑکی کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔پولیس کے مطابق واقعہ بدھلہ سنت کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک گھر سے 22 سالہ نوجوان جعفر حسین اور 19 سالہ لڑکی نجمہ کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔تفتیشی ٹیم کے مطابق گھر میں مردہ پائے جانے والے افراد کی لاشوں کے قریب سے ایک پسٹل بھی برآمد ہوا ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جعفر حسین شادی شدہ تھا اور اپنی رشتہ دار نجمہ کے گھر آیا ہوا تھا جب کہ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔تفتیشی حکام نے کہا کہ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات اور حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آئیں گے۔




