تین بجلی کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنیکی ہدایت

اسلام آباد (بیوروچیف) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا، جس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (IESCO)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (FESCO) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (GEPCO) کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں نجکاری کمیشن کو ہدایت کی گئی کہ پاور ڈویژن کے ساتھ مشاورتی عمل اگلے ہفتے کے آغاز تک مکمل کیا جائے، تاکہ ان کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق حتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کرے۔کمیٹی نے نجکاری پروگرام میں مزید اداروں کو شامل کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا اور نجکاری ڈویژن کی سفارشات ترامیم کے ساتھ منظور کرلیں۔اجلاس میں نجکاری کمیشن کا بجٹ بھی پیش کیا گیا، جسے ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا گیا۔ کمیٹی نے سالانہ نجکاری پروگرام اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیتے ہوئے نجکاری کمیشن کو عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو نجکاری کے عمل میں مربوط اور بروقت اقدامات یقینی بنانے کے ساتھ حکومت کے وسیع تر ساختی اصلاحات کے ایجنڈے پر پیش رفت برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اداروں کی کارکردگی اور استعداد بہتر بنانے کے علاوہ معاشی انتظام و نظم و نسق کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں وزیر توانائی، مشیر برائے نجکاری، معاون خصوصی، سیکریٹری پاور، سیکریٹری نجکاری ڈویژن، سیکریٹری نجکاری کمیشن، سیکریٹری تجارت اور سیکریٹری کابینہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں