فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں کارروائیاں ،10ہزار پتنگ باز پکڑے گئے

لاہور (بیوروچیف) پنجاب پولیس کی جانب سے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال اب تک 10 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ 9ہزار 724مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 4لاکھ 79ہزار 598پتنگیں اور 15ہزار 518ڈور چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 4ہزار 769ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 4ہزار 589مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور سے ایک لاکھ 26ہزار 488پتنگیں اور 5ہزار 168ڈور چرخیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب رائو عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ پتنگ بازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس مکروہ سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھی موثر کریک ڈائون کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں