فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) لاری اڈا کے قریب نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کر کے حاملہ خاتون کو قتل کر دیا’ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ جڑانوالہ کے علاقہ 121 گ ب کی رہائشی رباب زوجہ علی رضا جو کہ سات ماہ کی حاملہ تھی اور گزشتہ روز اپنے بھانجے کی وفات پر تعزیت کیلئے مذہبی والا آئی ہوئی تھی۔ آج صبح واپس جانے کیلئے لاری اڈا کے قریب پہنچی تو نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کر کے بری طرح زخمی کر دیا، جسے ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گئی اور بچہ بھی پیٹ میں ہی چل بسا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چار سال قبل مقتولہ رباب نے علی رضا سے پسند کی شادی کی تھی۔ تاہم پولیس نے اصل حقائق جاننے کیلئے مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔




