نادرا نے شناختی کارڈ خدمات مزید آسان بنا دیں

کراچی(بیوروچیف)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو شناختی خدمات کی فراہمی مزید آسان اور تیز بنانے کے لیے اے ٹی ایم طرز کی سیلف سروس کیاسک مشین متعارف کرا دی۔نادرا کے مطابق خودکار کیاسک کے ذریعے شہری شناختی کارڈ کی تجدید، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت متعدد خدمات بغیر طویل قطار میں کھڑے ہوئے خود حاصل کرسکیں گے، جس سے نادرا مراکز میں انتظار کے وقت اور رش میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔نادرا ترجمان نے بتایا کہ سیلف سروس کیاسک پر شہری اپنی مطلوبہ سروس کا انتخاب کرکے کارروائی خود مکمل کرسکیں گے۔ کیاسک کے ذریعے پہلے شہری کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی، جس کے بعد مطلوبہ شناختی سروس منتخب کرکے مقررہ طریقہ کار مکمل کیا جاسکے گا۔ترجمان کے مطابق خودکار مشین شہریوں کو ہر مرحلے پر آئندہ کارروائی سے آگاہ کرے گی، جبکہ اے ٹی ایم کی طرز پر تیار کیا گیا یہ نظام سادہ، آسان اور صارف دوست طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔نادرا حکام نے کہا کہ تقریباً 65 سے 70 فیصد شہری خودکار کیاسک کے ذریعے شناختی خدمات حاصل کرسکیں گے۔ اس نظام کے نفاذ سے نادرا مراکز پر رش کم ہونے کے ساتھ شہریوں کو خدمات زیادہ تیزی اور مؤثر انداز میں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔نادرا کے مطابق سیلف سروس کیاسک کا مقصد شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سہولت فراہم کرنا اور شناختی خدمات کے حصول کے روایتی طریقہ کار کو مزید آسان بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں