لاہور(بیوروچیف)پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے دفتر میں میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس سے متعلق اہم امور اور درپیش مسائل کے حل کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑنے کی۔اجلاس میں محکمہ پولیس، محکمہ ہیلتھ کیئر اینڈ سپیشل ایجوکیشن، سرجن میڈیکو لیگل اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ایڈمن، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب آفس، محمد ارشد علی فاروقی بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کے ویژن کے مطابق بالخصوص دور دراز علاقوں میں میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات، میڈیکو لیگل معائنے کے بعد فائنل ڈیکلریشن کے مسائل اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس، محکمہ ہیلتھ کیئر اینڈ سپیشل ایجوکیشن، سرجن میڈیکو لیگل اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ باہمی مشاورت اور مربوط حکمت عملی کے تحت میڈیکو لیگل نظام سے متعلق مسائل کا قابلِ عمل اور مستقل حل تلاش کریں۔انہوں نے کہا کہ میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ فوجداری مقدمات میں شواہد اور تفتیش کا ایک اہم جزو ہے، اس لیے اس کے اجراء ، تکمیل اور فائنل ڈیکلریشن کے عمل میں غیر ضروری تاخیر یا رکاوٹ انصاف کی فراہمی کو متاثر کر سکتی ہے۔ دور دراز علاقوں میں شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے موثراقدامات ناگزیر ہیں۔چوہدری عرفان صادق تارڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن، بروقت میڈیکو لیگل رپورٹس اور مثر فائنل ڈیکلریشن کے ذریعے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا، تاکہ متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید موثر ، شفاف اور تیز بنایا جائے گا




