FDAاور MCFکا تجاوزات کیخلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر فیصل آباد ڈو یلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) اور میونسپل کارپور یشن کی مشترکہ اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں نے گلبرگ بی کی گلیوں اور بازاروں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے بھاری مشینری کی مدد سے متعدد پختہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے اسٹیٹ آفیسر فاران ہاشمی، انفورسمنٹ انسپکٹر اسلم انصاری اور دیگر عملہ کے ہمراہ کارروائی میں حصہ لیا، جبکہ میونسپل کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس، اینٹی انکروچمنٹ انسپکٹر اکرم شہزاد اور عملہ واگزاری کے ہمراہ آپریشن میں شریک تھی۔ آپریشن کے دوران گلبرگ بی کی مختلف گلیوں اور بازاروں میں قائم پختہ تھڑے، ریمپس، جنگلے، گلیوں میں بنائے گئے گاڑیوں کے گیراجز اور دیگر ناجائز تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر کے راستے کلیئر کر دیے گئے۔ اس کارروائی کا مقصد عوامی گزرگاہوں کو تجاوزات سے پاک کرکے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر اور بلا رکاوٹ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ایف ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کارروائی سے قبل علاقے کا تفصیلی سروے کیا گیا تھا اور تجاوزات کی نشاندہی کرکے متعلقہ افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ تجاوزات کنندگان کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ رضاکارانہ طور پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ختم کر دیں، تاہم مقررہ مہلت میں احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث مشترکہ آپریشن کرنا پڑا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے واضح کیا کہ عوامی گزرگاہوں، سڑکوں اور دیگر سرکاری اراضی پر کسی قسم کی غیر قانونی تعمیر یا تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ قانون شکن عناصر کو خبردار کیا گیا کہ وہ آئندہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں، بصورت دیگر دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ ساتھ فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں