فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر ضلعی پولیس نے یوم آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 41افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ مختلف مقامات پرٹریفک حادثات میں نو عمر لڑکوں سمیت 91 افراد زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے، تفصیل کے مطابق سی پی او کی ہدایت پر ضلعی پولیس نے یوم آزادی کے موقع پر اہم شاہرائوں، پبلک مقامات ، پارکس میں منچلے نوجوانوں کی ہلڑ بازی اور ہوائی فائرنگ کو روکنے کیلئے فول پروف انتظامات کرتے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں سمیت2500سے زائد نوجوانوں کی خصوصی ڈیوٹیاں تفویض کی گئی تھیں اور پولیس نے شہر کے اہم مقامات، مین روڈز پر ناکہ بندی کرتے ہوئے ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والے41منچلے نوجوانوں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ،علاوہ ازیں شہر بھر میں مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں نو عمر لڑکوں سمیت 91افراد بری طرح زخمی ہو کر سول ہسپتال پہنچے، جہاں ڈاکٹرز ان کی جانیں بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔




