بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں واقع ڈیمیشا بیچ کو دنیا کا سب سے گنجان ساحل کہا جاتا ہے، میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی چین کے شہر شینزن میں واقع ڈیمیشا بیچ ایک مشہور اور مصروف تفریحی مقام ہے۔ ساحلِ سمندر کا یہ ریتلا حصہ ہفتہ وار تعطیلات کے دوران انسانوں کے سمندر میں تبدیل ہو جاتا ہے، جس کے باعث حکام کو ساحل پر آنے والے افراد کی تعداد محدود کرنا پڑتی ہے۔گرمیوں کے مہینوں میں ڈیمیشا بیچ پر کتنی بھیڑ ہو سکتی ہے، اس کا اندازہ لگانے کے لیے ٹرپ ایڈوائزر جیسے پلیٹ فارمز پر جا کر ناراض سیاحوں کے تبصرے پڑھنا ہی کافی ہے۔ ان میں سے کچھ شکایت کرتے ہیں کہ جگہ لوگوں سے اتنی کھچا کھچ بھری ہوئی تھی کہ وہ پانی تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ایک اہم چیز جو ڈیمیشا بیچ پر حد سے زیادہ رش کا سبب بنتی ہے وہ عوامی نقل و حمل بھی ہے۔ وہاں پہنچنے کے لیے متعدد بس لائنیں دستیاب ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایک میٹرو اسٹیشن بالکل ساحل کے سامنے واقع ہے۔ اس کے علاوہ ساحل پر داخلہ بھی مفت ہے، جس کی وجہ سے ڈیمیشا مقامی لوگوں اور سیاحوں دونوں میں بے حد مقبول ہے۔ٹرپ ایڈوائزر اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر منفی جائزوں کے باوجود گرمیوں کے مہینوں میں ڈیمیشا بیچ بدستور انتہائی مقبول بنا رہتا ہے، وہاں جمع ہونے والے لوگوں کے ہجوم کی تصاویر اکثر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں۔




