فیصل آباد (شوبز نیوز) پاکستان کے معروف قوال راحت فتح علی خان نے اپنے چچا اور لیجنڈری قوال نصرت فتح علی خان کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دے کر خراجِ عقیدت پیش کیا تاہم مزار پر قوالی پیش کرنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔راحت فتح علی خان اپنے بیٹے شاہ زمان علی خان کے ہمراہ نصرت فتح علی خان کے مزار پر پہنچے جہاں دونوں نے مزار کے قریب کلام پیش کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مداح بھی موجود تھے جبکہ ویڈیو میں مزار پر نوٹ نچھاور کیے جاتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔مزار پر قوالی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بعض صارفین نے اسے ناپسند کیا اور قبر کے احترام سے متعلق سوالات اٹھائے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ قبر کا کوئی احترام نہیں ہے۔ ایک اور صارف نے لکھا لگتا ہے وہ پھر نشے میں ہیں جبکہ ایک صارف نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا استغفراللہ، یہ کیا ہو رہا ہے؟واضح رہے کہ نصرت فتح علی خان 16 اگست 1997 کو لندن میں انتقال کر گئے تھے اور ان کی وفات کو تقریبا تین دہائیاں گزر چکی ہیں۔ تاہم ان کی موسیقی اور قوالی کا فن آج بھی دنیا بھر میں مداحوں کے درمیان مقبول ہے۔




