سرکاری سکولوں کے طلبہ میں کھیلوں کے مقابلے کروانے کا حکم

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) حکومت پنجاب کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیوں کا مقصد طلبہ میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانا ہے۔ کھیلوں کے مقابلوں میں لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کو شامل کیا جائے گا۔ مختلف سطحوں پر ہاکی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، والی بال، ایتھلیٹکس، شطرنج اور فٹ بال کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔کھیلوں کی سرگرمیوں کے موثر اور منظم انعقاد کے لیے تحصیل، ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ تحصیل سطح پر متعلقہ ڈپٹی ڈی ای او کنوینر جبکہ متعلقہ پرنسپل یا ہیڈماسٹر سیکرٹری ہوں گے۔ ضلعی سطح پر چیف ایگزیکٹو آفیسر (DEA) کنوینر اور متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکرٹری ہوں گے۔اسی طرح ڈویژنل سطح پر ڈویژنل ڈائریکٹر (SE/EE) کنوینر، جبکہ متعلقہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (DEA) سیکرٹری ہوں گے۔ صوبائی سطح پر ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن پنجاب کنوینر، ڈویژنل ڈائریکٹر لاہور سیکرٹری اور متعلقہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (DEA) ممبر ہوں گے۔ تمام کمیٹیاں ستمبر کے اختتام سے کھیلوں کی سرگرمیوں کا کیلنڈر جاری کریں گی اور مختلف سطحوں کے تمام کیلنڈرز کو باہم مربوط رکھا جائے گا تاکہ تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد کیے جا سکیں۔محکمہ تعلیم نے تمام اضلاع کے سرکاری سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ طلبہ و طالبات کھیلوں کی سرگرمیوں میں جوش و جذبے اور بھرپور انداز میں حصہ لیں۔ کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے کمیٹیوں کے کنوینرز کو ضلعی اور تحصیل سپورٹس افسران سے معاونت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ تعلیم نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے دوران ہونے والی نمایاں سرگرمیوں اور مقابلوں کی تصویری و دیگر شواہد بھی متعلقہ ای میل اور سرکاری واٹس ایپ گروپس کے ذریعے شیئر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں