گوگل جیمنائی کاپاکستانی طلبہ کے لئے بڑا اعلان

اسلام آباد (بیوروچیف) گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے تمام طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی سبسکرپشن ایک سال کے لیے مفت کی جائے گی جس کا باضابطہ اعلان اسی ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔یاد رہے وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پاکستان میں گوگل کے آفس کا افتتاح کیا تھا۔گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہبازشریف کا پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا ہدف گوگل کے اپنے مقاصد سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔ولسن وائٹ نے مزید کہا کہ گذشتہ 10 برس کے دوران گوگل نے پاکستان کے مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زیادہ کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا ہے، جبکہ اس کے نتیجے میں نو لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ملازمتوں کو سہارا ملا۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ تو صرف ابتدا ہے۔قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن اور ان کی ٹیم کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گوگل کے لیے ایک اہم اور خوبصورت نئے سفر کا آغاز ہے۔انہوں نے کہا کہ گوگل دنیا بھر میں معروف ٹیکنالوجی کمپنی ہے اور پاکستان میں گوگل کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ گوگل پاکستان میں نوجوانوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں