UAEکی ایران سے تجارت معطل،آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران کی اسلام آباد معاہدے پر عملدرآمد کی شرط

ابوظبی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی وکاروباری اورمالی معاملات تاحکمِ ثانی معطل کر دیے۔یو اے ای کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔اماراتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کشیدگی علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو نقصان پہنچا رہی ہے۔متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے بتایا تھا کہ ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی جانب 2 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایک میزائل متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود کے اندر جبکہ دوسرا سمندری حدود سے باہر گرا۔اماراتی وزارت دفاع کے بیان میں مزید کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کسی بھی قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔دریں ثناء ۔تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا کو مطالبات کی فہرست تھمادی۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ فہرست ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور مرکزی مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکا کے حوالے کی ہے۔ساتھ ہی باقر قالیباف نے امریکا سے اس اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے نکات پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا جس کی میعاد کل ختم ہوچکی ہے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران، لبنان سمیت ہر محاذ پر فوجی کارروائیاں روکنے پر راضی ہوئے تھے جبکہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل یا تیار کرنے کے حق سے دست بردار ہوا تھا۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق امریکا نے ایرانی بحری ناکا بندی ختم کرنے اور ایران نے آبنائے ہرمز کھلی رکھنے پر اتفاق کیا تھا ۔مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں کے خاتمے اور ایران کی تعمیرِ نو کا منصوبہ شروع کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔ امریکا ایران کے منجمد فنڈز کی بحالی پر بھی راضی ہوا تھا ۔دریں ثناء ۔تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) سپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایک بار پھر فوجی ایکشن سے سفارتکاری کا وقت آ گیا، ایران پر دبائو بڑھانے سے امریکا وہ رعایتیں حاصل نہیں کرسکتا جو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا حصہ نہیں تھیں۔اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ہیگسیتھ اور بیسنٹ اپنی اوقات سے بڑھ کر بات کر رہے ہیں، مسخروں کی ٹیم کرشمے نہیں دکھا سکتی، انتظار بند کر دیں کہ جادوگر ٹوپی سے خرگوش برآمد کرے گا، بحران ختم کر دے گا۔انہوں نے کہا کہ بحریہ ناکہ بندی ختم ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی، تیل پرپابندیاں اٹھانے، اثاثے جاری کرنے، فوجی آپریشنزبند ہونے تک ہرمز نہیں کھلے گی۔سپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف کا مزید کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پھر فوجی ایکشن کے ذریعے سفارتکاری کی تکمیل کی جائے، وعدوں کی خلاف ورزی کا عملی ردعمل دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں