لاہور (بیوروچیف) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے لاہور کی شاہراہوں کے اطراف ہزاروں پھول دار درخت اور پودے لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ایم ڈی پی ایچ اے نے ڈائریکٹرز ہارٹیکلچر کو اپنے متعلقہ زونز میں پھول دار پودے لگانے کے لیے دستیاب جگہوں کی نشاندہی کرنیکی ہدایت کردی۔منصوبے کے تحت املتاس، گل مور، جیکورنڈا، گل نشتر اور بدھا کے درخت لگائے جائیں گے۔ ایم ڈی نے ہدایت کی کہ کم از کم 300 میٹر کے پیچ میں ایک ہی نوعیت کے پھول دار پودے لگانے کی منصوبہ بندی کی جائے، جبکہ زیادہ جگہ دستیاب ہونے کی صورت میں ایک کلومیٹر تک کا پیچ رکھا جائے۔ایم ڈی پی ایچ اے کے مطابق پھول دار پودے گرین بیلٹس اور سڑکوں کے برم پر لگائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پھول دار درخت نہ صرف ماحول کو بہتر بنانے میں مدد دینگے بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرینگے۔اس حوالے سے ہونیوالے اجلا س میں ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر تسلیم اختر را اور ڈائریکٹرز ہارٹیکلچر نے شرکت کی، جہاں لاہور کی مختلف شاہراہوں پر شجرکاری کے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔




