2027ء کی3روزہ بسنت اور جشن بہاراں کی تاریخوں کا اعلان

لاہور (بیوروچیف) زندہ دلانِ لاہور کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہرِ لاہور میں 3روزہ بسنت اور جشنِ بہاراں کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ڈی سی لاہور کے مطابق یہ رنگا رنگ میلہ 12، 13 اور 14مارچ 2027کو منعقد ہو گا، جس میں شہریو ں کی حفاظت اور نظم و ضبط کو یقینی بناتے ہوئے ثقافتی سرگرمیوں کو گہرے رنگوں کیساتھ پیش کیا جائیگا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی لاہور علی اعجاز نے بتایا کہ 3 روزہ جشنِ بہاراں کے دورا ن لاہور کی تاریخی و قدرتی ثقافت اپنے تمام تر سحر اور رنگوں کے ساتھ شہریوں کے سامنے آئے گی۔ اس میلے کو نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی ثقافتی رونق کے طور پر پیش کیا جائیگا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بسنت 2027کو ایک یادگار اور محفوظ ایونٹ بنانے کے لیے خصوصی اور غیر معمولی انتظاما ت کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کی حفاظت، امن و امان اور نظم و ضبط کے قیام کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ترجمان کے مطابق، لاہور میں گزشتہ برس طویل عرصے کے بعد بسنت کا دوبارہ آغاز انتہائی کامیاب اور محفوظ رہا تھا۔ پچھلے سال انتظامیہ کی جانب سے خطرناک اور دھاتی ڈور کے خلاف سخت اقدامات اور جامع حکمتِ عملی کے باعث شہریوں نے نہ صرف روایتی جوش و خروش سے پیچ لڑائے تھے۔، بلکہ کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر میلہ اختتام پذیر ہوا تھا۔ پچھلے برس کی اس بے مثال کامیابی اور عوامی پذیرائی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی ضلعی انتظامیہ نے 2027 میں مزید بہتر، محفوظ اور منظم انداز میں بسنت منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں