حکومتی امور میں ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل تیزی سے جاری ہے جس کا مقصد سرکاری نظام کو جدید’ شفاف اور عوام دوست بنانا ہے، اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے پر زور اس امر کا عکاس ہے کہ روایتی طریقہ کار کی جگہ ڈیجیٹل نظام کو فروغ دے کر عوام کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے گوگل کے نائب صدر گورنمنٹ آفیئرز اینڈ پبلک پالیسی ولسن وائٹ کی قیادت میں 9رکنی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی وزیراعظم نے پاکستان میں گوگل کے دفتر کا افتتاح کر دیا۔ امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور نٹالی بیکر بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔ پاکستان میں حکومتی امور اور معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل بھی جاری ہے۔ حکومت کے ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے وژن سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ ان مقاصد کے حصول کیلئے گوگل جیسی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ اشتراک عمل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں دفتر کھولنے کے گوگل کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کمپنی کے ساتھ ملک کی شراکت داری مزید مستحکم ہو گی۔ انہوں نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھانے میں گوگل کے کردار کو سراہا اور ان اقدامات کی تعریف بھی کی جن کی بدولت ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں نیشنل الیکٹرسٹی پلان 2027-2023 میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی جبکہ 2027ء سے 2060ء تک کے مربوط توانائی پلان کے ہائی لیول ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی۔ یہ ترامیم توانائی کیلئے مربوط منصوبہ بندی’ بجلی کی پیداوار میں اضافے’ دور دراز علاقوں میں قابل تجدید ذرائع سے پیداکردہ بجلی کی فراہمی’ بجلی کی کراس بارڈر تجارت’ ترسیلی نظام میں وسعت’ ٹیریف ڈیزائن’ بجلی بچت’ سسٹم اور مارکیٹنگ آپریشنز’ خطرات کی نشاندہی اور اس حوالے سے انتظامی امور’ ایندھن اور ٹیکنالوجی کی مقامی سطح پر استعداد بہتر بنانے’ ریسرچ وڈویلپمنٹ اور ڈیجیٹائزیشن سے متعلق ہیں۔ ان ترامیم کے حوالے سے حکومت خیبرپختونخوا اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی سے مزید مشاورت کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت ملک کے طول وعرض بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ حکومت کی طرف سے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجراء ہماری پُرخلوص کاوشوں کا عکاس ہے اس پالیسی کی بدولت نوجوانوں کو حاصل ہونیوالے فوائد کے حوالے سے آگاہی مہم کی ہدایات جاری کیں۔ ڈیجیٹلائزیشن سے سرکاری خدمات کے حصول میں وقت اور اخراجات کی بچت کے ساتھ ساتھ شفافیت میں بھی اضافہ ہو گا۔ آن لائن درخواستوں’ ڈیجیٹل ریکارڈ’ خود کار نظام اور جدید ڈیٹا مینجمنٹ کے ذریعے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے، تاہم اس عمل کی کامیابی کے لیے تمام اداروں میں جدید انفراسٹرکچر’ تربیت یافتہ افرادی قوت اور سائبر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات ضروری ہیں۔ حکومتی امور میں ڈیجیٹل تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر اس عمل کو تسلسل’ شفافیت اور مؤثر نگرانی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تو نہ صرف سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر ہو گی بلکہ شہریوں کی بھی تیز’ آسان اور شفاف خدمات میسر آئیں گی۔ حکومت کو چاہیے کہ ڈیجیٹل پاکستان کے مقصد کو عمل شکل دینے کے لیے تمام اداروں کو ایک مربوط نظام کے تحت آگے بڑھائے۔




