اسلام آباد (بیورو چیف)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے،پانی زندگی ہے اور پانی کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، پانی کا تحفظ پاکستان کی فوڈ سکیورٹی، معاشی استحکام اور قومی سلامتی سے براہ راست جڑا ہوا ہے، پانی کا مسئلہ کسی ایک شعبے تک محدود نہیں رہا بلکہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، صاف پانی تک رسائی یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ”واٹر گورننس” کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے پاکستان کو درپیش آبی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے اور طویل المدتی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو عارضی اقدامات سے آگے بڑھتے ہوئے پائیدار اور مستقل حل تلاش کرنا ہوں گے۔




