فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) دینی جماعتوں کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صاحبزادہ حامد رضا کو فی الفور ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے چیک اپ کے لیے میڈیکل بورڈ قائم کیا جائے۔ صاحبزادہ حامد رضا کو اپنے طبی معالج سے چیک اپ کی سہولیات دی جائیں۔صاحبزادہ حامد رضا کو سنائی گئی غیر منصفانہ سزا نے دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔ 20اگست 2026 کو انسداد دہشتگردی عدالت میں صاحبزادہ حامد رضا کی میڈیکل بورڈ کے قیام کی درخواست پر علما و مشائخ صاحبزادہ حامد رضا کی ہسپتال منتقلی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضاکے عظیم والد گرامی اور دادا جان کے لاکھوں مریدین صاحبزادہ حامد رضا کی ناحق سزا پر انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ دینی و مذہبی جماعتیں ، گدی نشین مشائخ کے ساتھ صاحبزادہ حامد رضا کی رہائی کیلئے ہر سطح پر اجتماعی آواز اٹھائیں گی۔اعلامیہ جاری کرنے والوں میں جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی پیر خالد سلطان القادری،آستانہ عالیہ علی پور شریف کے سجادہ نشین پیر سید منور حسین شاہ جماعتی،بھنگالی شریف کے سجادہ نشین پیر سید مخدوم عباس شاہ ہمدانی، پیر خواجہ مدثر تونسوی، سیال شریف کے خواجہ نظام الدین سیالوی، جمعیت علماء پاکستان کے صدر ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر، آستانہ عالیہ مانکی شریف کے سجادہ نشین پیر زادہ امین قادری، سنی تحریک پاکستان کے سربراہ انجینئر ثروت اعجاز قادری، نظام مصطفی پارٹی کے حامد سعید کاظمی، انجمن طلباء اسلام کے مرکزی فیصل قیوم ماگرے، نیشنل مشائخ کونسل کے پیر سید علی حیدر حسنی،پاکستان فلاح پارٹی کے مرکزی نائب صدرسید آفتاب عظیم بخاری، سنی تحریک کے سربراہ بلال سلیم قادری کے علاوہ مصطفائی تحریک، تنظیم اتحاد امت، تحفظ ناموس رسالت محاذ، سنی علماء بورڈ، سنی یوتھ ونگ، تنظیم المساجد پاکستان، انجمن نوجوانان اسلام، جانثاران ختم نبوت، تنظیم السعید، مرکزی مجلس چشتیہ، سنی فانڈیشن، تحریک فروغ اسلام، تحریک غلبہ اسلام، تحریک نفاذ فقہ حنفیہ، انجمن خدام الاولیاء اور دوسری اہلسنت جماعتوں کے مرکزی رہنما شامل ہیں ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قومی خزانے کے چور آزاد پھرتے ہیں لیکن صاحبزادہ حامد رضاکوبے گناہ ہونے کے باوجود جیل میں بند کردیا گیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا کے حق میں ہر مسجد، ہر مدرسہ اور خانقاہ سے آواز اٹھائی جائیگی اور انصاف کی اپیل کی جائے گی۔ انسداد دہشتگردی عدالت صاحبزادہ حامد رضا کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ قائم کرے اور انہیں طبی سہولیات کے لیے ہسپتال منتقل کیا جائے۔عدلیہ سے انصاف کا یقین ہے۔ اعلامیہ جاری کرنے والوں میں شیخ الحدیث علامہ محمد سلطان چشتی، پیر سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی، مولانا غلام سرور ہزاروی، وسیم ممتاز ایڈووکیٹ، مولانا قاری فیض بخش رضوی، صاحبزادہ محمد عثمان غنی،پیر سید غلام یسین شاہ ، پیر سید شبیر شاہ گیلانی، پیر سید عظمت شاہ گیلانی، پیر سید قیصر شاہ بخاری ، قاضی شفیق الرحمان ، علامہ فاروق القادری، قاری تنزیل الرحمان ، علامہ راجہ محمد عدنان اور دیگر بھی شامل ہیں۔




