اسلام آباد (بیوروچیف) انشورنس صارفین کے تحفظ کے لیے ایس ای سی پی نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے انشورنس کمپنیوں کے لیے مارکیٹ کنڈکٹ رولز 2026 کا مسودہ رائے عامہ کے لیے جاری کردیا۔انشورنس رولز کا اطلاق صرف انفرادی انشورنس پالیسوں پر ہو گا،انشورنس کلیمز میں تاخیر کے خاتمے کے لیے لازمی ٹائم لائنز مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔پالیسی کے اجرا سے کلیم کی ادائیگی تک انشورنس کمپنیوں کے لیے ذمہ داریاں واضح ہیں۔انشورنس کمپنیوں کو کلیمز کی پراسیسنگ اور ادائیگی مقررہ مدت کے اندر کرنا ہوگی،لائف انشورنس کلیم پر دستاویزات ملنے کے بعد 20 دن میں فیصلہ کرنا لازم ہوگا۔موٹر انشورنس کلیم پر سروے رپورٹ کے بعد 5 دن میں فیصلہ کرنا ہوگا،دیگر نان لائف انشورنس کلیمز پر سروے کے بعد 7 دن میں فیصلہ کرنا ہوگا،کلیم منظور ہونے کے بعد انشورنس کمپنی کو 7 دن میں ادائیگی کرنا ہوگی،ہسپتال میں داخل مریض کے ہیلتھ انشورنس کلیم کو 20 دن میں نمٹانا ہوگا،ہسپتال سے ڈسچارج کی منظوری انشورنس کمپنی کو 3 گھنٹے کے اندر دینا ہوگی۔انشورنس کمپنی کی تاخیر کے باعث مریض کو ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے نہیں روکا جا سکے گا،انشورنس کمپنیاں کلیم کے لیے صرف متعلقہ دستاویزات ہی طلب کر سکیں گی،انشورنس کمپنیوں کو کلیم سیٹلمنٹ، مسترد شدہ اور زیر التوا کلیمز کا ڈیٹا جاری کرنا ہو گا۔




