لاہور(بیوروچیف)محکمہ صحت نے وائس چانسلرز، پرنسپلز، ڈینز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو طلبہ کے ہاسٹلز کو محفوظ بنانے اور مناسب استعمال کو یقینی بنانے کے معاملہ کامراسلہ ارسال کردیاہے ـمحکمہ صحت کی انتظامیہ کو فوری طور پر ہاسٹلزمیں رہائش پذیر تمام افراد کی تصدیق کروانے کی ہدایت کی گئی ہے اور محکمہ صحت کی سپیشل برانچ سے بھی تمام ہاسٹلز میں رہائش پذیر افراد کی تصدیق کی درخواست کی ہے ـمجاز اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ طلبہ کے ہاسٹلز و دیگر رہائشی سہولیات کا استعمال صرف ایسے طلبہ/عملہ تک سختی سے محدود رکھا جائے جو ان رہائشی سہولیات کی مناسب اور قانونی الاٹمنٹ رکھتے ہوںـ مراسلہ میں کہاگیاہے کہ ہر ادارے کی انتظامیہ فوری طور پر ہاسٹل میں رہائش پذیر تمام افراد کی تصدیق کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ کوئی بھی غیر مجاز شخص کسی ہاسٹل یا رہائشی سہولت میں نہ رہ رہا ہو اور نہ ہی اسے استعمال کر رہا ہوـکسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونا انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا اور تمام متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں نگرانی اور انتظامی امور کے ذمہ دار افراد بھی شامل ہوں گے ـمحکمہ صحت نے اس سلسلے میں تعمیلی رپورٹ آج پیر، 24 اگست 2026 تک لازماً جمع کروانے کی ہدایت کی ہے ـ




