انجمن تاجران بھوآنہ بازار کا الیکشن،میدان سج گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران بھوآنہ بازار کے الیکشن کے لیے میدان سج گیا، صبح 10بجے سے پولنگ کا آغاز’ شیخ بلال الٰہی اور حافظ یحییٰ طارق گروپ میں کانٹے کا مقابلہ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد شہر کے معروف بازار بھوآنہ بازار کی انجمن تاجران کے الیکشن کیلئے آج مورخہ 24اگست بروز پیر کو پولنگ ہو رہی ہے، صبح 10بجے سے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ چیف الیکشن کمشنر عبدالعزیز صابری اور ممبران عبدالوحید ببر’ میاں سرور نے شفاف اور پُرامن الیکشن کیلئے شاندار انتظامات کئے ہیں۔ الیکشن میں انصاف گروپ کی طرف سے حافظ یحییٰ طارق صدر اور محمد امین خان جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہیں، ان کا انتخابی نشان پھول ہے۔ ان کے مدمقابل شیخ بلال الٰہی صدر اور میاں رضوان پپو جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہیں، ان کا انتخابی نشان چاند ہے۔ مجموعی طور پر 353 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ دونوں گروپوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہو رہا ہے اور دونوں اپنی اپنی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔ بازار میں خوب گہما گہمی ہے، میلے کا سماں ہے۔ ووٹرز اور سپورٹرز دونوں ہی پُرجوش ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں