فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے279راجہ نادر خاں والی کے مکینوں کو خوشخبری سنادی۔مرکزی روڈ کی مرمت وبحالی سمیت سیوریج سسٹم کی اپ گریڈ یشن کیلئے ایک ہفتہ کی ٹائم لائن طے کردی گئیں جس کے تحت24اگست سے کام کا آغاز اور 31، اگست تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔کمشنر فیصل آباد نے موقع کا دورہ کیا اورمکینوں سے ملاقات کرکے مسائل دریافت اور ان کے حل کے لئے ہنگامی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے سیوریج کے مسئلہ کی نشاندہی پر واسا کی مشینری بلاکر سیوریج کا مسئلہ حل کرایا اور کہا کہ مسئلہ کے پائیدار حل کے لئے واسا کے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان کو تاکید کی کہ وہ مطلوبہ کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں اور شفافیت پر زیروٹالرنس ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سیوریج کے مسائل کے حل کے لئے تیز رفتار اقدامات جاری ہیں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔




