لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فیصل آباد میٹروبس منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت’ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کیلئے مارچ 2027 کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں فیصل آباد ماس ٹرانزٹ اور گوجرانوالہ ییلو لائن منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں منصوبوں کی پیشرفت کا ڈرون فوٹیج کے ذریعے بھی معائنہ کیا گیا اور متعلقہ حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 31.5 کلومیٹر طویل گوجرانوالہ ییلو لائن پر 25 سٹیشن قائم کیے جائیں گے، جن میں 2انڈر گرائونڈ سٹیشنز شامل ہوں گے، منصوبے کے تحت 12 انڈر پاسز، 35 کلومیٹر سروس روڈ، سگنل فری یوٹرنز اور دیگر متعلقہ انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا۔دوران بریفنگ کہا گیا کہ منصوبے پر تقریبا ایک تہائی کام تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے جبکہ 1233 پولز اور 552 ٹرانسفارمرز منتقل کئے جا چکے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبے کیلئے 15 ہزار فٹ سیوریج، 12 ہزار فٹ واٹر سپلائی اور 11 ہزار فٹ گیس پائپ لائن بچھانے کا کام بھی شامل ہے، منصوبے کیلئے 62 کلومیٹر طویل ڈرین کی تعمیر کا تقریبا 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 20.3 کلومیٹر طویل فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم میں 11.1 کلومیٹر اوورہیڈ برج تعمیر کئے جائیں گے، جبکہ منصوبے کے تحت 1835 درختوں کی ری پلانٹیشن، 15 کلومیٹر سوئی گیس لائن اور 12 بس سٹاپس کی تعمیر بھی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ترقیاتی منصوبوں میں ماحول کے تحفظ پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر درخت کی حفاظت یقینی بنائی جائے، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے دوران تقریبا 5 ہزار درختوں کی ری پلانٹیشن کا ریکارڈ بھی اجلاس میں پیش کیا گیا۔انہوں نے منصوبوں پر تین شفٹوں میں کام جاری رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات کا انہیں بخوبی اندازہ ہے، اس لئے ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی مقررہ ٹائم لائن کسی صورت آگے نہیں جانی چاہیے، شہریوں کو مزید تکلیف نہیں ہونی چاہیے، لہذا ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرکے منصوبے جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔




