فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ ایئر پورٹ قمرالزمان نے پارٹنر کی وفات کے بعد اس کے اکائونٹ سے 28لاکھ ہڑپ کرنیوالے شاطر ملزم کو گرفتار کر لیا، تفصیل کے مطابق واپڈا سٹی کی رہائشی فوزیہ عزیز زوجہ احسن عالم نے 19دسمبر2025ء کو مقدمہ درج کروایا تھا کہ ملزم زاہد علی ولد محمد عقیل سکنہ224ر۔ب فتح دین کا اس کے شوہر احسن عالم کیساتھ مشترکہ کاروبارتھا اس لئے خاوند کی تمام دستاویزات، اے ٹی ایم کارڈ ، چیک بکس اور موبائل فونز ملزم کے قبضہ میںتھے،19دسمبر2025ء کو اس کا خاوند فوت ہو گیا تو پارٹرنر ملزم زاہد نے بینک الفلاح سمندری روڈ سہگل سٹی کے پرسنل اکائونٹ سے بذریعہ اے ٹی ایم 3لاکھ نکلوائے، ،الفلاح آن لائن ایپ کے ذریعے24لاکھ74ہزار اپنے پرسنل اکائونٹ میں ٹرانسفر کروائے اور پارٹنر کی وفات کے بعد مختلف تواریخ میں لاکھوں روپے اپنے اکائونٹ میں ٹرانسفر کروائے، خاتون نے شوہر کی وفات کے بعد رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو لیت و لعل کے بعد انکاری ہو گیا، الٹا اس کو دھمکیاں دینا شروع کر دی۔ بعد ازاں 9جنوری2025کو گھر آیا اور وارثت کروانے کیلئے دھوکہ دہی سے احسن عالم کا شناختی کارڈ ،ڈیتھ سر ٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات لے گیا تھا۔ ایس ایچ او تھانہ ایئرپورٹ قمرالزمان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شاطر ملزم کو گرفتار کر کے باز پرس شروع کر دی۔




