کراچی (شوبز نیوز)سینئر اداکار شاہنواز زیدی کا کہنا ہے کہ میری پہلی شادی 37 سال چلی اور دوسری شادی کرنے کا فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا۔اداکار شاہنواز زیدی نے حال ہی میں پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور اس دوران اپنی محبت کی شادی اور پہلی اہلیہ کے انتقال اور دوسری شادی کے فیصلے کے بارے میں کھل کر بات کی۔شاہنواز زیدی نے کہا کہ میری پہلی شادی 37 سال تک چلی، میں نے سوچا تھا کہ ہم اپنی شادی کی گولڈن جوبلی ساتھ منائیں گے، لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ یہی تقدیر میں تھا۔ میں نے کم عمر میں ہی شادی کر لی تھی کیونکہ میں ایک شاعرانہ مزاج کا انسان ہوں، مجھے اپنی اہلیہ سے پہلی ہی نظر میں محبت ہو گئی تھی۔ مجھے وہ لڑکی پسند آ گئی تھی، اور اس معاملے میں تاخیر کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی اور شادی کا تجربہ بہت شاندار رہا۔انہوں نے کہا کہ شادی سے قبل ہمیں مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا جیسے کہ ہمارے درمیان مسلک اور فرقہ پرستی کا معاملہ آگیا، ان کے والد نے بیٹی کے لیے کسی اور کا انتخاب کر رکھا تھا وہ اپنا ارادہ بدلنا نہیں چاہتے تھے۔ جب میری شادی ہوئی تو میری عمر 24 سال تھی، اگرچہ میرا خاندان لبرل تھا لیکن وہ بھی میرے فیصلے سے قدرے ہچکچا رہے تھے لیکن آخر کار انہوں نے ہتھیار ڈال دیے اور رضامند ہوگئے۔اداکار نے بتایا کہ اہلیہ نے ایک بار مجھے روتے ہوئے فون کیا اور کہنے لگیں کہ مجھے ذیابیطس (شوگر) ہے، آپ مجھ سے شادی کرنے سے پہلے سوچ لیں۔ ان کی والدہ کو بھی ذیابیطس تھی۔ ہمارے کل چھ بچے ہوئے لیکن پہلے دو حمل ضائع ہو گئے۔




