دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے

گو جرہ (نامہ نگار) الخدمت فاؤنڈیشن گوجرہ کے زیر اہتمام معذور افراد میں ویل چیئرز کی تقسیم کے سلسلہ میں ایک تقریب کاانعقاد کیاگیاجس کے مہمان خصوصی ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے امیرڈاکٹر عطاء اللہ حمید تھے ۔مہمان خصوصی نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن معذوراور مستحق افراد کی بحالی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے ہردم کوشاں ہیں ویل چیئرز تقسیم کا بنیادی مقصد معذور افراد کی معاوُنت اور انہیں معاشرے کا ایک متحرک و خود مختار رکن بنانا ہے۔ تقریب میں محمود احمد عزمی امیر جماعت اسلامی پی پی119 ،حیدر علی چوہدری امیر جماعت اسلامی پی پی 120،حافظ افتخار الحق واہلہ امیر جماعت اسلامی شہر گوجرہ نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر عطاء اللہ حمید نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلا تفریقِ رنگ، نسل و مذہب دکھی انسانیت کی خدمت کے سفر پر گامزن ہے۔ معذور افراد ہمارے معاشرے کا ایک نہایت اہم اور قابلِ احترام حصہ ہیں، اور ان کی قدم قدم پر معاونت کرنا ہم سب کی اخلاقی و مذہبی ذمہ داری ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی اس طرح کے فلاحی اور رفاہی کاموں کا سلسلہ مکمل عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر معذور افراد میں ویل چیئرز تقسیم کی گئیں، جس سے ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئیں۔ آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں