اسلام آباد (بیوروچیف) محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں یکم سے5ستمبر تک تیز ہوائوں کیساتھ بارش کاامکان ظاہر کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،کل سے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون ہوائوں کاسلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے، بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ملتان شہراورگردونواح میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کاامکان ہے ، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ،کم سے کم28ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے ، ایئرکوالٹی انڈیکس 118پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا ہے۔خیبرپختونخوا کے دارالخلافہ پشاورمیں آج موسم گرم اورمرطوب رہنے کاامکان ہے،درجہ حرارت 35ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا،پشاور اورگردونواح میں شام اوررات ہلکی بارش متوقع ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشترمیدانی اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔




