شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے پی سی بی کے فیصلوں پر سوال اٹھا دیئے

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ میں حالیہ فیصلوں اور ٹیسٹ اسکواڈ میں تبدیلیوں پر سابق کپتان شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے سوالات اٹھا دیے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں حالیہ فیصلے سمجھ سے باہر ہیں، متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب بھی سمجھ سے بالاتر ہے، انگلینڈ میں ٹیسٹ اسکواڈ میں ٹی 20 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا، آخر یہ کیسی سوچ اور حکمتِ عملی ہے؟ سابق کپتان نے سوال اٹھایا کہ کوچ کو صرف پانچ ٹیسٹ میچز کے بعد کیوں ہٹایا گیا جب کہ تجربہ کار سلیکٹرز کی جانب سے کیے گئے فیصلے بھی حیران کن ہیں۔دوسری جانب شعیب ملک نے ٹیسٹ اسکواڈ میں تبدیلیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ سے ڈراپ کیے گئے کھلاڑی اب بھی قومی کرکٹرز ہیں اور انہوں نے پاکستان کی خدمت کی ہے۔شعیب ملک نے کہا کہ پہلی فلائٹ سے واپس بھیج دیا گیا جیسیالفاظ بیعزتی کے مترادف ہیں، احتساب ان لوگوں سے شروع ہونا چاہیے جنہوں نے سسٹم خراب کیا، بینچ پر بیٹھنے یا صرف 2،3 ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں سے احتساب نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتساب دورہ مکمل ہونے کے بعد ہونا چاہیے، دورے کے دوران نہیں، ہر خراب میچ کے بعد کھلاڑیوں کو ذہنی دبا سے نہیں گزرنا چاہیے کیونکہ مسلسل سوشل میڈیا دبا سے کھلاڑیوں کے ذہنوں میں ناکامی کا خوف بیٹھ سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں