کراچی (شوبز نیوز) پاکستانی اداکارہ و ماڈل جیا علی نے اپنی والدہ کے انتقال اور اس کے بعد پیش آنے والی کیفیت کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ والدہ کی وفات کا صدمہ وہ کئی برس تک قبول نہیں کر سکیں۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیا علی جذباتی ہوگئیں اور اپنی والدہ کی زندگی اور بیماری کے آخری ایام کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کی شادی محض 16 برس کی عمر میں ہوئی تھی اور وہ پانچ بچوں کی ماں تھیں۔ انہوں نے خاندان کی کفالت کے لیے طویل عرصے تک کام کیا اور اپنی صحت پر توجہ نہ دے سکیں۔جیا علی نے بتایا کہ والدہ عمر کے آخری حصے میں شدید علیل رہیں اور ایک وقت میں کومے میں بھی چلی گئی تھیں۔ والدہ کی بیماری اور ان کی زندگی کے آخری برسوں کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھنا ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ تجربہ تھا۔اداکارہ نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں آج بھی اس بات کا افسوس ہے کہ وہ اپنی والدہ سے کبھی کھل کر محبت کا اظہار نہیں کر سکیں، حالانکہ ان کی والدہ نے بچوں کی پرورش اور خاندان کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔




